بھٹکل:14/اگست (ایس اؤنیوز)تعلقہ کنڑا ساہتیہ پریشد بھٹکل، جے ڈی نائک ابھیمانی بلگا اور بھارت وکاس پریشد کے اشتراک سے نیو انگلش پی یو کالج بھٹکل میں سول سرویس امتحانات کے امیدواروں اور طلبا کی رہنمائی کے لئے ایک مذاکرے کا اہتمام ہوا۔
مذاکرے کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے آئی ایف ایس افسر دامودر اے ٹی نے کہاکہ مسلسل جدوجہد ، نظم وضبط اور پابندی سے کوشش کی جائے تو جو چاہے وہ سول سرویس امتحانات میں کامیاب ہوکر اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوسکتاہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں کنڑیگاس شہری خدمات کو انجام دیتے ہوئےکرناٹکا کا نام روشن کررہے ہیں، اس مرتبہ کے آئی اے ایس امتحانات میں کرناٹکا کی نندنی پہلا رینک حاصل کرنا کنڑیگا س کے لئے بڑی مسرت کی بات ہے۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے آئی آر ایس آفیسر راگھویندر رائیکر نے طلبا کی رہنمائی کرتے ہوئے کہاکہ سول سرویس امتحانات کے لئے وقت سے پہلے پیشگی تیاری کریں، پریلمنری ، مین امتحانات اور انٹرویو ،منتخب ہونے کے بعد دئیے جانے والی تربیت کارروائیوں پرتفصیلی روشنی ڈالی۔
کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری صلاحیتوں اور قابلیتوں کا تعمیری فکر کے ذریعے استعمال کریں گے تو کنڑیگا س کے لئے سول سرویس امتحانات میں کامیاب ہونا بہت آسان ہے ۔ بھارت وکاس پریشد کے صدر ، پرنسپال وریندر شانبھاگ نے استقبال کرتے ہوئے مذکورہ مذاکرے سے استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ جے ڈی نائک ابھیمانی بلگا کے صدر ناگیش دیواڑیگا نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 24ستمبر کو بھٹکل میں بہت بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے سول سرویس امتحانات ورکشاپ کے متعلق جانکاری دی ۔
ڈائس پر گروسدھیندرابی بی اے ، بی سی اے کالج کے نائب پرنسپال شری ناتھ پائی موجود تھے۔ لکچرر شیاملا کامت نے نظامت کی تو ساہتیہ پریشد کے اعزازی سکریٹری ایم پی بھنڈاری نے شکریہ اداکیا۔ پروگرام میں نیو انگلش پی یو کالج ، گروسدھیندرا کالج ،بی بی اے ، بی سی اے کالج، سرکاری پی یوکالج سمیت مختلف کالجوں کے طلبا ، لکچررس اور والدین شریک تھے۔